ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / سریش گوڈا اور شیورامے گوڈا جنتادل (ایس) میں شامل

سریش گوڈا اور شیورامے گوڈا جنتادل (ایس) میں شامل

Tue, 11 Apr 2017 01:40:17    S.O. News Service

بنگلورو:10/اپریل(ایس او نیوز) منڈیا ضلع کے دو سینئر کانگریس لیڈران ایل آر شیورامے گوڈا اور سریش گوڈا نے جو سابق اراکین اسمبلی بھی ہیں، آج اپنی پارٹی کو خیر باد کہہ کر جنتادل (ایس) میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم اور جنتادل (ایس) سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہاکہ آج جنتادل (ایس) کو کسی گروپ کی ضرورت نہیں ہے، کمار سوامی کو وزیر اعلیٰ بنانے کیلئے پارٹی کے ہر کارکن کو آپس میں اتحاد قائم کرکے کام کرنا ہوگا۔ دو پارٹی لیڈروں کی شمولیت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ پارٹی میں کسی بھی انفرادی لیڈر کے حق میں زندہ باد کی نعرہ بازی کا ماحول ختم کیاجائے، اس سے پارٹی میں گروپ بندی کا احساس بڑھتا ہے، پارٹی میں شامل ہونے والے لیڈروں کاشانہ بہ شانہ کارکن ساتھ دیں اور ریاست میں پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کا ہر کارکن چاہتا ہے کہ ریاست کا اگلا وزیر اعلیٰ کمار سوامی کو بنایا جائے، لیکن اس مقصد کوحاصل کرنے کیلئے ابھی سے گروپ بندی کے خاتمہ کا سلسلہ شروع ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ناگمنگل حلقہ سے اگلے اسمبلی انتخابات میں ایل آر شیورامے گوڈا کو اتارا جائے یا سریش گوڈا کو اس سلسلے میں فیصلہ عجلت میں نہیں کیا جائے گا۔ دیوے گوڈا نے ان دونوں لیڈروں کو پارٹی کیلئے اثاثہ قرار دیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی، کونسل کے ڈپٹی چیرمین مری تبے گوڈا، منڈیا کے رکن پارلیمان سی ایس پٹ راجو، اراکین اسمبلی سری کنٹے گوڈا، اپا جی گوڈا، ڈی سی تمنا، اور منڈیا کے بیشتر لیڈران موجود تھے۔


Share: